پاکستان کی سفارتی کوششوں کا عالمی اعتراف، جرمنی نے ثالثی کردار کو اہم قرار دے دیا
جرمنی نے علاقائی تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہا ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کی تعریف کی گئی ہے۔
جرمن دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جرمنی پاکستان کی جانب سے علاقائی تنازعات میں ثالثی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بیان میں خاص طور پر آبنائے ہرمز اور باب المندب سے متعلق سفارتی کوششوں کا ذکر کیا گیا۔
جرمن اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیان رابطے میں علاقائی صورتحال سمیت دیگر اہم عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین جنگ کے معاملے پر بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کیلئے انتہائی اہم بحری راستہ ہے، جبکہ باب المندب بھی خلیج عدن اور بحیرہ احمر کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ ہے۔ ان دونوں راستوں میں کشیدگی عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کو متاثر کرسکتی ہے۔
Germany appreciates Pakistan’s role as reasonable mediator in regional conflicts, especially in the Strait of Hormuz & Bab el-Mandeb. During their meeting at #UNGA81, @aussenminde & @MIshaqDar50 agreed that we need to get negotiations on peace for Ukraine going.
— GermanForeignOffice (@GermanyDiplo) September 24, 2026
جرمنی کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی پذیرائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں جاری تنازعات کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے مختلف ممالک سفارتی رابطے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان بھی فریقین کے درمیان مذاکرات اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے۔