پاک-افغان سرحد پر جارحیت کی کوشش ناکام، متعدد افغان طالبان ہلاک
فوٹو: اسکرین گریب
پاک-افغان سرحدی علاقے گلستان سیکٹر پر افغانستان کی جانب سے کی گئی جارحیت کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور اس دوران متعدد افغان طالبان ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقے گلستان سیکٹر پرجارحیت کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق پاکستانی حدود میں داخل ہونے اور جارحیت کی کوشش پر مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی ہر دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔