وزیراعطم شہباز شریف کی بنگلہ دیشی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے کا اعادہ

دونوں وزرائےاعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا اعادہ کیا

فوٹو: وزیراعظم آفس

وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے نیویارک میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات مزید گہرے کرنے کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات ہوئی اور دونوں وزرائےاعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر بنگلہ دیش کو مبارک باد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کی کاوشوں کی حمایت کو دہرایا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے بھی جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائےاعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں مسلسل رابطہ و تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

Load Next Story