ایران حملے؛ بحرین اور امریکا کی فوجی کمیٹی کے درمیان اہم ملاقات؛ دفاعی تعاون پر اتفاق
(امریکا اور بحرین کی فوجی کمیٹی کا 21 واں اجلاس مناما میں ہوا؛ (فوٹو: فائل
دارالحکومت مناما میں ہونے والی ایک اہم ملٹری میٹنگ میں بحرین اور امریکا نے فوجی رابطوں اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اہم ملاقات بحرین ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز میں ہوئی جس کی صدارت بحرین کے وزیر دفاعی امور لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے بحرینی وفد کی جانب سے کی۔
بحرین اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی کمیٹی کے 21 ویں اجلاس میں امریکی وفد کی قیادت مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی نائب معاون وزیرِ جنگ مائیکل پی ڈی مینو چہارم نے کی۔
اجلاس کے دوران مشترکہ فوجی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور دونوں جانب سے فوجی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے اور دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
فریقین نے بحرین اور امریکا کے باہمی تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور بالخصوص فوجی و دفاعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے بحرین-امریکا مشترکہ فوجی کمیٹی کے 21ویں اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔
اجلاس میں بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ کے مالی و تکنیکی امور کے مشیر شیخ محمد بن خلیفہ آل خلیفہ، بحرین میں امریکی سفیر اسٹیفنی ایل ہیلیٹ اور بحرین ڈیفنس فورس کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی مسلط کی گئی جنگ پر ایران نے بحرین میں امریکی تنصیبات اور مفادات کو نشانہ بنایا ہے جس میں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ جانی نقصان بھی ہوا ہے۔