کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، دہشتگردوں کی ریکی اور سہولت کاری کے شواہد سامنے آگئے

دہشتگردوں نے پولیس لائنز تک پہنچنے کے لیے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے علاوہ رکشہ اور موٹر سائیکل بھی استعمال کی

فوٹو: فائل

پشاور:

کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز پر خودکش حملے سے متعلق محکمہ انسداد دہشتگردی کی تفتیشی ٹیم کی رپورٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے سے قبل کئی بار ریکی اور سہولت کاروں کی مدد حاصل کرنے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس لائنز تک پہنچنے کے لیے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے علاوہ رکشہ اور موٹرسائیکل بھی استعمال کی، خودکش بمبار رکشے میں جبکہ 2 دہشتگرد موٹرسائیکل پر پولیس لائنز تک پہنچے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد پولیس لائنز حملے کے لیے آئی ای ڈیز، دستی بم اور بھاری اسلحہ ساتھ لائے تھے، جبکہ واردات سے قبل دہشتگردوں نے پولیس لائنز کی کئی بار ریکی بھی کی۔

تفتیشی حکام کے مطابق حملے میں ملوث سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، سہولت کاروں میں دہشتگردوں کو مکان فراہم کرنے اور پولیس لائنز تک رسائی ممکن بنانے والے افراد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق کچھ اہم شواہد فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔