مری؛ اسکول وین کھائی میں جاگری، آگ لگنے سے 11 بچے جل گئے

جھلسنے والے بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مری منتقل کیا گیا ہے

مری میں سائن روڈ مسیاڑی کے مقام پر نجی اسکول وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 بچے جھلس گئے۔

ڈی پی او مری کے مطابق 4 شدید جھلسے بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 7 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مری منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ریسکیو اور پولیس مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کو تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔

امدادی کارروائی کے دوران گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔

بعد ازاں ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال مری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بدقسمتی سے اسکول وین حادثے کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ بریک فیل ہونا بتائی گئی ہے۔ حادثے کے فوری بعد وین میں آگ لگ گئی، جس میں 4 بچوں کا جسم 25 فیصد سے زیادہ جل گیا۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ متاثر بچوں کو راولپنڈی کے اسپتال میں ریفر کیا گیا ہے۔ وین میں 12 بچے سوار تھے، جن کو وین والے نے مختلف علاقوں سے پک کیا۔ ابتدائی طور پر بچوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کردی گئی تھی۔ 8 معمولی جلنے والے بچوں کا ڈی ایچ کیو اسپتال مری میں علاج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 ماہ پہلے بھی مری میں وین میں اگ لگنے کا افسوسناک واقع پیش آیا تھا۔ اس واقع کے بعد ہم گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ لوکل شاہراہوں تک لے کر جائیں گے۔ ڈی پی او مری کے مطابق دیہاتوں کے اندر چلنے والی گاڑیوں کی فٹنس بھی چیک کریں گے تاکہ ایسے واقعات کو روکا جاسکے۔

Load Next Story