پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے اب ٹرین پر سفر شروع کردیا، گورنر سندھ
گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے صرف آپ لوگ ہی مشکلات کا سامنا نہیں کر رہے بلکہ میں نے بھی اب ٹرین پر سفر شروع کردیا ہے، کیونکہ پیٹرول بہت مہنگا ہوگیا ہے، گورنر ہاؤس سے جب گاڑی نکلتی ہے تو پانی سے نہیں، پیٹرول سے چلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویسے بھی کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں ہمارے بجٹ کو بھی کم کردیا گیا ہے، تو کوئی ہمیں بلائے تو ہم کہتے ہیں کہ جناب کفایت شعاری مہم ہے، کفایت شعاری کے چکر میں ہم ہیں اور ہم نے بہت ساری چیزیں ترک کردی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن قوموں نے ترقی کی، وہ 40، 50 سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، ہمارے پڑوسی چین میں بھی ترقی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
نشست سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ زیرِ تربیت پولیس افسران ملک کا مستقبل ہیں، پولیس افسران صرف قانون نافذ کرنے والے اہلکار نہیں بلکہ معاشرے کے سماجی معالج بھی ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پولیسنگ کا مقصد قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے امن و امان قائم کرنا ہے، پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط اعتماد دیرپا امن کی بنیاد ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پولیس افسران عوام کے ساتھ رابطہ اور تعاون کے ذریعے مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں، بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے حفاظتی اقدامات کے ساتھ ترقی، عوامی شمولیت اور معاشی مواقع ضروری ہیں۔
گورنر سندھ نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔