لاہور کینٹ کچہری، غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس، دو ملزمان کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کینٹ کچہری میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس میں پولیس نے مقدمے کے دو ملزمان زین اور محسن کو عدالت میں پیش کردیا۔
ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود کی عدالت میں تفتیشی افسر فریال ملک نے پیش کیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا ڈی این اے اور پوٹینسی ٹیسٹ کرانا ہے، جبکہ نامزد ایک ملزمہ فرار ہے جس کی گرفتاری بھی کرنی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق ایک ملزمہ گرفتار ہے جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزمان کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔ تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے ملزمان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔