شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج میں خطاب کرنے والے پہلے وزیراعظم بن گئے

3 ارب ڈالرز کے یورو بانڈز کا اجرا معیشت کی مضبوطی کی واضح مثال ہے، وزیراعظم کا خطاب

شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم بن گئے جسے لندن اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرنے کا موقع ملا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی۔ لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے سی ای او ڈیوڈ سوئمر اور سینئر حکام نے استقبال کیا۔

شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تقریب میں مدعو کیا جانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلیے بہت محنت کی، آج میکرواکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 3 ارب ڈالرز کے یورو بانڈز کا اجرا معیشت کی مضبوطی کی واضح مثال ہے، دوبارہ اجرا معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران آج لندن میں دنیا کے معروف مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے انہیں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور بارکلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے  اور کاروباری مواقعوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

جے پی مورگن  کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز  (Mathieu Wiltz) کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور موجودگی کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔ وفد نے پاکستان کے خودمختار قرضہ جات کی کیپٹل مارکیٹس اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون (David Livnigstone )کی قیادت میں اعلیٰ حکام سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا اور کارپوریٹ و ادارہ جاتی بینکنگ کی خدمات کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔

بلیک راک کے ایمرجنگ مارکیٹس اینڈ فرنٹیئرز کے شریک سربراہان گورڈن فریزر (Gordon Fraser) اور سیم ویچ (Sam Vetch) جبکہ پورٹ فولیو مینیجر و ریسرچ اینالسٹ ایملی فلیچر( Emily Fletcher )پر مشتمل وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے فرنٹیئر مارکیٹس حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

دونوں جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔روتھ شیلڈ اینڈ کو کے چیئر، جیو اسٹریٹجک ایڈوائزری لارڈ مارک سیڈول (Lord Mark Sedwill)اور ہیڈ آف یو کے انویسٹمنٹ بینکنگ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات اور کیپٹل مارکیٹس و سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے حوالے سے ممکنہ مشاورتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تمام ملاقاتوں کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون اور روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقاتوں سے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے عالمی مالیاتی اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ ملاقاتیں حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور ملک میں پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری وسیع تر کوششوں میں اہم پیش رفت ہیں۔ملاقاتوں میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی بھی موجود تھے۔

متعلقہ

Load Next Story