کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی طویل قطاریں ختم، وزیر داخلہ کا اظہار اطمینان
کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہونے پر وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر داخلہ بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملے اور ان سے امیگریشن کے طریقۂ کار اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔
محسن نقوی نے امیگریشن ٹیم کے انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہو گئی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات کے حامل مسافروں کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔