آن لائن رائیڈ پر تلخی؛ رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا
آن لائن رائیڈ پر تلخی کا بدلہ لینے کے لیے رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا۔
آن لائن رکشہ رائیڈ کے دوران خاتون اور ڈرائیور کے درمیان بحث و تکرار ہوئی، جس کے بعد رنجش پر ملزم لطیف نے خاتون کا موبائل نمبر رشتہ ایپ پر اپلوڈ کردیا۔ نمبر اپلوڈ ہوتے ہی خاتون کو اجنبی افراد کی جانب سے مسلسل کالز آنے لگیں۔
خاتون نے معاملے کی شکایت ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں کی۔ حکام کے مطابق پولیس تحقیقات میں رکشا ڈرائیور کے نمبر اپلوڈ کرنے میں ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر نشتر کالونی پولیس نے ملزم لطیف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نشتر کالونی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم لطیف کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا اور ذاتی معلومات کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور میرٹ پر تحقیقات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔ خواتین کی عزت، تحفظ اور پرائیویسی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔