پی ٹی آئی لانگ مارچ میں کچھ ہوا تو ذمے دار کال دینے والے ہونگے، شوکت یوسفزئی
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں کچھ ہوا تو ذمے دار کال دینے والے ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 4 اکتوبر کو پارٹی کے لانگ مارچ میں ضرور شرکت کریں گے ، وہ لانگ مارچ کے مخالف نہیں ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہوں نے اپنی تجویز پارٹی کے سامنے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر 2024 کو جو کچھ ہوا، اگر 24 نومبر کو مذاکرات ہوجاتے تو وہ سب کچھ نہ ہوتا۔ 26 نومبر کے لانگ مارچ کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو مزید دو سال جیل میں گزارنے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں کہ اگر لانگ مارچ کی وجہ سے کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار لانگ مارچ کی کال دینے والے ہوں گے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ کل بھی پارٹی کے وفادار تھے اور آج بھی پارٹی کے وفادار ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ 4 اکتوبر کو پارٹی کے لانگ مارچ میں ضرور شرکت کریں گے اور ان کا موقف پارٹی کے سامنے بطور تجویز موجود ہے۔