مون سون سیزن کے دوران کس صوبے میں سب سے کم بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری
فوٹو: فائل
مون سون سیزن کے دوران سندھ ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا،کراچی میں جولائی سےستمبر کےدوران معمول سے 92 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری اعداد وشمارکے مطابق رواں سال یکم جولائی سے 30 ستمبر تک ملک میں مجموعی طور پر 120.5 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی،جو معمول سے 19.3 فیصد کم ہے۔
اعداد وشمارکے مطابق سندھ میں مون سون کے دوران معمول سے 50.8 فیصد کم بارش ہوئی، صوبےمیں یکم جولائی سے30ستمبر تک صرف 71.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،جس کے باعث سندھ مون سون سیزن میں ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشیں معمول سے 92 فیصد کم رہیں جبکہ بلوچستان میں معمول سے 33.7 فیصد کم،آزاد کشمیر میں 18.4 فیصد کم،خیبرپختونخوامیں 16.3 فیصد کم اورپنجاب میں معمول سے 3.8 فیصد کم بارش ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ کےمطابق گلگت بلتستان ملک کا واحد خطہ رہاجہاں مون سون کےدوران معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی،گلگت بلتستان میں بارش معمول سے 4.6 فیصد زائد رہی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق رواں سال مون سون کےدوران بارشوں میں کمی کی بڑی موسمیاتی وجوہات میں ال نینو کی تشکیل اور اس کے اثرات بھی شامل رہے، جس کے باعث جنوبی ایشیا میں مون سون کی سرگرمی کمزور رہنے کے امکانات پہلے ہی ظاہر کیےگئے تھے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق ال نینو کے باعث عالمی اور علاقائی موسمیاتی نظام میں تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں، جوجنوبی ایشیا میں مون سون کی شدت اور بارشوں کے نظام کو متاثر کر سکتی ہیں، رواں سال پاکستان کے پڑوسی ممالک میں بھی مون سون بارشیں معمول سے نمایاں کم رہیں۔