لاہور؛ سی سی ڈی مقابلہ، زیرحراست ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
کاہنہ کے علاقے میں سی سی ڈی کے ایک اور مبینہ مقابلے میں 2 زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت رانا جمشید اور اویس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی دونوں زیر حراست ملزمان کو ریکوری کے لیے لے جارہی تھی کہ کاہنہ کے قریب ان کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر دونوں زیر حراست ملزمان زخمی حالت میں ملے، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم دونوں راستے میں دم توڑ گئے، جبکہ ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان 2 درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔