پاکستان کی مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت

پاکستان برادر ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:

پاکستان  نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاکستان نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 29 ستمبر کو مدینہ منورہ کے طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کا حملہ قابل مذمت ہے۔ مسجد نبویﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے انفرا اسٹرکچر پر حملہ سنگین اشتعال انگیزی اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے گہری تشویش اور اضطراب کا باعث ہے۔

پاکستان نے حرمین شریفین اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی کا ہر حال میں احترام یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بننے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی شہریوں اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

Load Next Story