کرک میں گیس دھماکے سے عمارت کا حصہ منہدم، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی
فوٹو: فائل
کرک میں گیس دھماکے سے عمارت کا حصہ منہدم ہوگیا، جس میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
کرک کے علاقے سپینہ میں او جی ڈی سی ایل کے قریب گیس کنکشن کے کام کے دوران اچانک گیس دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ایک بچی سمیت 10 زخمی افراد کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ 2 افراد کی لاشیں بھی ملبے سے نکالی گئی ہیں۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن میں 4 ایمبولینسز، ایک ریکوری وہیکل اور 13 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔