پشاور: نامعلوم ملزمان نے پولیس اہلکار کو گھر سے اغوا کر کے شہید کردیا
پشاور میں گڑھی میرا کچھوڑی میں نامعلوم ملزمان نے پولیس اہلکار کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو رات گئے گھر سے اغوا کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل شاہ مست تھانہ پہاڑی پورہ میں تعینات تھا۔ تھانہ چمکنی کی حدود میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکار کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سی سی پی او پشاور میاں سعید سمیت دیگر پولیس اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اہلکار کو سلامی بھی پیش کی۔