وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اَپ گریڈ اسکول 2 اپریل 2027 سے فعال کرنے کی ہدایت کر دی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام اَپ گریڈ اسکول 2 اپریل 2027 سے فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
صوبائی وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ اسکول تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں اَپ گریڈ اسکولوں میں اساتذہ، طلبہ اور ضروری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ مارچ 2027 تک مکمل ہونے والے اسکول 2 اپریل تک فرنیچر اور اساتذہ سمیت مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسکول تعمیر کرنا مقصد نہیں بلکہ بچوں کا داخلہ اور معیاری تعلیم یقینی بنانا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانے کے لیے بھرپور داخلہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور اسکول چھوڑنے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایس ای آئی پی اور سلیکٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 1133 اسکول شامل ہیں، جن میں 838 اسکول ایس ایس ای آئی پی جبکہ 295 سلیکٹ پروگرام کے تحت ہیں۔
ٹھٹھہ کے پانچ نئے اَپ گریڈ سیکنڈری اسکولوں میں 21 سے 30 ستمبر تک نو روزہ پائلٹ داخلہ مہم کے دوران 702 طلبہ نے چھٹی سے دسویں جماعت میں داخلہ لیا، جن میں 409 طالبات شامل ہیں، جبکہ 102 اسکول سے باہر اور ڈراپ آؤٹ بچوں کو دوبارہ داخل کرایا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پائلٹ مہم کے نتائج کو سراہتے ہوئے اس ماڈل کو صوبے بھر میں اپنانے کی ہدایت کر دی۔