عمران خان سے ملاقات، اسپتال منتقلی کی شرط سے پیچھے نہ ہٹاجائے، سہیل آفریدی کی بیرسٹر گوہر سے گفتگو

پی ٹی آئی کی قیادت حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے مشاورت کے لیے پشاور میں سرجوڑ کر بیٹھے گی

فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کی اسپتال منتقلی کی شرط سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹاجائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت سے مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ کیا اورانہیں مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات اور ان کی اسپتال منتقلی کی شرط سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پشاور میں پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پہنچ گئے جہاں لانگ مارچ کے لیے چندہ مہم شروع کی جارہی ہے اور وزیراعلیٰ چندہ وصولی کے لیے پارٹی سیکریٹریٹ میں موجود رہیں گے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے لانگ مارچ کے لیے چندہ دینے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور کارکن وزیراعلیٰ کے سامنے بکس میں چندہ ڈال رہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بارے ابھی تفصیلات نہیں ملیں، بیرسٹر گوہر رات کو پشاور پہنچ رہے ہیں اور اسی وقت میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت مشاورت کے لیے آج پشاور میں سرجوڑ کر بیٹھے گی جس کے لیے بیرسٹر گوہر سمیت پارٹی رہنما اسلام آباد سے پشاور کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، اس موقع پر حکومت سے کل ہونے والے مذاکرات پر مشاورت کی جائے گی۔

Load Next Story