ڈیزل بحران اور صدر ٹرمپ کی دھمکی؛ ایمانوئل میکرون کی زیر صدارت جی 7 کا ہنگامی اجلاس

جی 7 اجلاس میں خام تیل اور صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا

امریکی صدر کے یورپی ممالک سے ڈیزل کے ہنگامی ذخائر جاری کرنے کی وارننگ دی ہے؛ (فوٹو: فائل)

ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے آج جی 7 ممالک کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی سے الگ الگ رابطے کیے اور عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔

صدارتی دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ایمانوئل میکرون کی صدارت میں ہونے والے جی 7 اجلاس میں خام تیل اور صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

یورپی ممالک نے فرانس کی ایک تجویز پر بات چیت کی جس کے تحت تقریباً 5 کروڑ بیرل ڈیزل کے ہنگامی ذخائر جاری کیا جا سکتا ہے جبکہ عالمی توانائی ایجنسی کے رکن ممالک مزید 5 کروڑ بیرل خام تیل مارکیٹ میں لانے پر غور کر رہے ہیں۔

تاہم اس تجویز پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا جبکہ امریکی صدر پہلے ہی یورپ پر مزید ایندھن ذخائر جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو امریکا ڈیزل کی برآمدات پر پابندی عائد کرسکتا ہے۔

فوری طور پر یورپی یونین نے امریکی صدر کی اس دھمکی کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی کوئی پابندی کسی کے مفاد میں نہیں ہوگی اور اس سے امریکا کو قابل اعتماد شراکت دار سمجھنے پر اعتماد متاثر ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈیزل کا یہ بحران ایران جنگ، روسی توانائی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان اور چین کی ایندھن برآمدات میں پابندیوں کے باعث عالمی ڈیزل رسد میں پیدا ہونے والی کمی کے بعد شدت اختیار کرگیا ہے۔ 

 

Load Next Story