سیالکوٹ: شہری کو اغوا کرکے تشدد اور سر کے بال مونڈنے والے 4 ملزمان گرفتار

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے ذیشان علی کو ورغلا کر مالی پور لے جاکر تشدد کیا

سیالکوٹ میں شہری کو اغوا کرکے تشدد کرنے اور سر کے بال مونڈنے کے واقعے میں پولیس نے چاروں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے ذیشان علی کو ورغلا کر مالی پور لے جاکر تشدد کیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے شہری کے سر کے بال مونڈ کر ویڈیو بنائی اور اسے دو روز حبسِ بے جا میں رکھا۔

مدعی کے مطابق شہری پر تشدد اور بال مونڈنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر ڈی پی او سیالکوٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیا۔

ایس ایچ او سبز پیر وقاص علی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان اسماعیل، طاہر، فرید اور تنویر کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ شہریوں کی عزت، جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا غیر انسانی سلوک کی اجازت نہیں۔
 

Load Next Story