مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہنگامی اجلاس، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار شرکت کریں گے

ریاض میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ، ترکیہ کے وزرائے خارجہ و دفاع اور آرمی چیف شریک ہوں گے، ذرائع

فوٹو: فائل

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے تحت اسٹریٹجک پولیٹکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج (5 اکتوبر) ہو رہا ہے، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے، جس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔

ایکسپریس کو ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے اور یہ اہم ہنگامی اجلاس 5 اکتوبر کو ریاض میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں معاہدے کے سیکریٹری جنرل لیفٹینٹ جنرل (ر) نعمان محمود بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ آج ہونے والے اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے علاوہ ترک وزیر دفاع یاشر گلر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک اور ڈیفنس کمیٹی میں تینوں ممالک کے دو،دو افراد رکن ہیں اور اجلاس میں سعودی عرب کی صورت حال اور حوثی حملوں کے تناظر میں حالات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں خطے کی صورت حال اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ نومبر میں دوبارہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک اور ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

Load Next Story