پی ٹی آئی لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف درخواست دائر

اداروں کو حکم دیا جائے کہ لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ کریں ، درخواست

پشاور:

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی۔

درخواست ایم این اے شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی اور آصف خان کی جانب سے دائر کی گئی۔ تینوں اراکین قومی اسمبلی اور ان کے وکیل معظم بٹ چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل معظم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ تینوں اراکین قومی اسمبلی نے لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف درخواست دائر کی ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ لانگ مارچ تو ہورہا ہے، کیا پابندی ہے؟

معظم بٹ نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر سے متاثر ہیں؟

وکیل نے جواب دیا کہ نہیں، ہم قانون کے تحت احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ احتجاج ان اراکین اسمبلی کے حلقوں سے گزرے گا جہاں ممکنہ رکاوٹیں حائل ہوسکتی ہیں۔

معظم بٹ نے استدعا کی کہ اداروں کو حکم دیا جائے کہ لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ کریں اور کیس آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ کوئی بی بی اے یا ٹی بی اے کی درخواست نہیں کہ آج ہی لگ جائے، عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھتے ہیں۔

Load Next Story