حکومت عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے، مسائل کا حل نکل آئے گا، شوکت یوسفزئی
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے، مسائل کا حل نکل آئے گا۔
وزیر داخلہ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر داخلہ حقائق پر پردہ نہ ڈالیں، مذاکرات کی ناکامی کی اصل وجہ حکومت کا بدلتا ہوا مؤقف اور ہٹ دھرمی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے، لانگ مارچ ہمارا آئینی، قانونی، سیاسی اور جمہوری حق ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں گزشتہ روز سے جاری لانگ مارچ انتہائی کامیاب اور پُرامن ہے۔ حکومت کے پاس صوبے میں کسی بھی غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام کا کوئی جواز نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت آج عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے تو مسائل کا حل نکل آئے گا۔ مذاکرات حکومت نے ختم کیے ہیں، اس لیے اس فیصلے پر نظرثانی بھی حکومت کو کرنی چاہیے۔
شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی سے حالات بے قابو ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کی سب سے زیادہ ضرورت خیبرپختونخوا کے عوام کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ 25 سال سے دہشت گردی کا شکار ہے، حکومت اگر کوئی پالیسی بنانا چاہتی ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز کو بٹھایا جائے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا کریڈٹ بیرسٹر گوہر اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔