کراچی میں 28 سالہ حاملہ لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار، خاتون بھی شامل

سابق شوہر اور سالے کو پولیس نے پہلے گرفتار کرلیا، متوفیہ چھ ماہ کی حاملہ تھی

کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں جھاڑیوں سے ملنے والی 28 سالہ حاملہ خاتون کے کیس میں پولیس نے بڑی پیشرفت کرتے ہوئے سابق شوہر اور سالے کے بعد اُس کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بن قاسم انویسٹی گیشن پولیس نے اسٹیل مل روڈ جناح گیٹ کے قریب قتل کے بعد جھاڑیوں میں کشف جمال کی لاش پھینکنے کے واقعے میں مقتولہ کے سابق شوہر کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا۔

اس سے قبل انویسٹی گیشن پولیس مقتولہ کشف جمال کے شوہر اور اس کے سالے تیمور کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ پولیس نے لاش پھینکنے میں استعمال کی جانے والی سوزوکی آلٹو کار اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

اس حوالے سے تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 30 ستمبر کو بن قاسم اسٹیل مل روڈ جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے 26 سالہ کشف جمال کی لاش ملی تھی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جبکہ مقتولہ 6 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کشف جمال کی یاسر درانی نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور طلاق کے باوجود دونوں رابطے میں تھے، مقتولہ کشف کے سابق شوہر یاسر درانی نے تیمور کے ساتھ مل کر قتل کا منصوبہ بنایا اور کشف کو سوزوکی آلٹو میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واردات کے وقت یاسر درانی کی اہلیہ صبا بھی گاڑی میں موجود تھی اور اس کی لاش کو گاڑی کی عقبی سیٹ پر رکھ کر بن قاسم جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔

انویسٹی گیشن پولیس نے مقتولہ کے سابق شوہر کی بیوی صبا کو بھی گرفتار کر کے واردات میں استعمال کیے جانے والا اسلحہ اور سفید رنگ کی آلٹو کار برآمد کرلی اور اس حوالے سے دیگر ملزمان کی تلاش میں بھی پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

Load Next Story