اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچ گئے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ پاک بھارت جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز اور این ڈی ایم اے کا دورہ کریں گے۔
انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے جہاں قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
UN Secretary-General H.E. António Guterres arrived in Islamabad today to undertake an official visit to Pakistan from 6–8 October 2026, at the invitation of Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar.
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) October 5, 2026
Upon arrival, the Secretary-General was received by… pic.twitter.com/LmUnJ89LNA
دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل دورے کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاک بھارت یواین فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے۔
انتونیو گوتریس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے جہاں پاکستان کی عالمی امن و سلامتی، انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ دورے کے دوران عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے انتونیو گوتریس کی قیادت اور خدمات کا اعتراف بھی کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس کا دورہ اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا عکاس ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔