وزیرخزانہ سے آئی ایف سی وفد کی ملاقات، پاکستان میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر گفتگو

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، سستی رہائش اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری اہم ترجیحات ہیں، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایف سی حکام نے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ سے آئی ایف سی کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں آئی ایف سی پاکستان کی پرنسپل کنٹری آفیسر ناز خان بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کے لیے آئی ایف سی کی جاری اور ممکنہ معاونت پر گفتگو ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ساتھ آئی ایف سی کی مسلسل شراکت داری اور نجی شعبے کے لیے مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، سستی رہائش اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری اہم ترجیحات ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی توجہ بہتر معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو زیادہ سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے پر ہے۔ ملکی و بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔

ملاقات میں آئی ایف سی نے کاروباری افراد کے لیے نئے فنڈ کے قیام پر پیش رفت سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ آئی ایف سی کے مطابق نئے فنڈ کا مقصد پاکستان میں کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دینا ہے۔

علاوہ ازیں سستی رہائش کے شعبے میں گھروں کی فراہمی بڑھانے کے لیے تعمیراتی منصوبوں کی مالی معاونت کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ زرعی شعبے کے لیے آئی ایف سی کے ایگری کنیکٹ اقدام کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں زرعی اجناس محفوظ رکھنے کی بہتر سہولیات اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کو ضمانت کے طور پر استعمال کرکے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کسانوں اور زرعی شعبے کے لیے قرضوں اور نجی سرمایہ کاری تک رسائی آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے پانی اور بجلی کے شعبوں میں منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ کو پانی کے معیار اور محفوظ فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں میٹرنگ نظام جدید بنانے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

فریقین نے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت سے خدمات بہتر بنانے، نقصانات کم کرنے اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ مقامی کرنسی میں مالی معاونت بڑھانے اور نجی شعبے کے منصوبوں کے لیے طویل مدتی مالی وسائل کی فراہمی بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پیداواری سرمایہ کاری کے لیے ملکی وسائل کے ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کی مالی معاونت سے فائدہ اٹھانا اہم ہے۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، کاروباری افراد، زراعت اور ہاؤسنگ کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے پر زور دیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ طویل مدتی اور قابل استطاعت مالی سہولیات سے نجی سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ترجیحی شعبوں کے لیے نئے مالیاتی حل تیار کرنے اور نجی سرمایہ کاری بڑھانے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا گیا۔

وزیر خزانہ اور آئی ایف سی نے نجی شعبے کی مالی معاونت، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان میں ملکی و بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری بڑھانے اور پائیدار، سرمایہ کاری پر مبنی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

Load Next Story