ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرما کی بارشیں زیادہ رہنے کی پیشگوئی
فوٹو: فائل
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی بارشیں زیادہ رہنے کا امکان ہے، سندھ میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا رجحان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے اکتوبر، نومبر اور دسمبر 2026 کے لیے موسمیاتی آؤٹ لک جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے شمال مغربی علاقوں میں بارشوں کا مثبت رجحان نمایاں رہے گا جبکہ وسطی سے شمالی خیبرپختونخوا اور ملحقہ گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بارشیں معمول کے قریب یا معمول سے قدرے کم رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے جنوبی علاقوں میں بارشوں میں معمول سے کم رہنے کا کمزور رجحان متوقع ہے۔