پاکستان کی بہتری کے لیے سیاسی راستہ نکالا جا رہا ہے، ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں اہم سیاسی امور پر بات چیت ہوئی ہے، ایاز صادق

فوٹو: اسکرین گریب

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی بہتری کے لیے سیاسی راستہ نکالا جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مولانا کو عمرے کی مبارک باد دینے کے لیے آیا تھا، مولانا فضل الرحمان ہمارے بھائیوں کی طرح ہیں، اپوزیشن سے فون پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والے حکومتی وفد اسپیکر سردار ایاز صادق کے ساتھ رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شامل تھے۔

ایاز صادق نے کہا کہ امید پر دنیا قائم ہے، پاکستان کے لیے اللہ راستے بناتے جا رہے ہیں اور پاکستان کی بہتری کے لیے سیاسی راستہ نکالا جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے ساتھ بیک ڈور رابطوں سے متعلق سوال پر کہا کہ قومی اسمبلی کے ساتھیوں سے فون پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، پاکستان کے لیے جو بہتر ہوگا، ان شا اللہ وہی راستہ نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بھائیوں کی طرح ہیں، ان کے صاحبزادے میرے کولیگ اور بھتیجے بھی ہیں، مولانا فضل الرحمان سے میرے سیاسی تعلقات سے بڑھ کر ذاتی اور خاندانی رشتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں اہم سیاسی امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

Load Next Story