پاکستانی بانڈز میں خلیجی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ گئی، ستمبر میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری
خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستانی بانڈز خلیجی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ستمبر کے پہلے 25 روز کے دوران خلیجی سرمایہ کاروں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں مجموعی طور پر 129.8 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سرمایہ کاری کے اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں 110 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جبکہ بحرین کی جانب سے پاکستانی بانڈز میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔
ستمبر کے دوران فکسڈ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز پر شرح منافع تقریباً 12.4 سے 12.5 فیصد رہی، جس کے دوران خلیجی ممالک کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی بانڈز میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رہا۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 203.7 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
غیر یقینی علاقائی صورتحال کے باوجود پاکستان خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ منافع فراہم کرنے والی متبادل مارکیٹ بن گیا ہے، جہاں پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کی دلچسپی برقرار ہے۔
خلیجی سرمایہ کاری میں اضافے سے پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمائے کے نئے ذرائع پیدا ہونے اور مالیاتی استحکام کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔