لانگ مارچ سے پریشانی ہو تو ایک دن اسکول بند کرسکتے ہیں، محکمہ تعلیم پختونخوا
محکمہ تعلیم خیبر پخونخوا نے راستوں کی بندش کے حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر لانگ مارچ سے مشکل ہو تو ایک دن اسکول بند رکھے جا سکتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی پشاور آمد کے پیش نظر شہر کے متعدد نجی اسکول آج بند ہیں۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث طلبہ اور عملے کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے والدین کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے پیغامات بھیج کر اسکولوں کی بندش سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے باعث راستوں کی بندش سے طلبہ اور اسٹاف کو آمدورفت میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، جس کے پیش نظر آج اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے ہیں ۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اگر کسی اسکول کی انتظامیہ کو محسوس ہوتا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث طلبہ اور عملے کو مشکلات پیش آسکتی ہیں تو وہ ایک دن کے لیے اسکول بند رکھ سکتے ہیں۔