وزیرِخارجہ سے بحرینی ہم منصب کی ملاقات؛ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی

اسلام آباد:

وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بحرینی ہم منصب نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم سفارتی پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوش گوار ماحول میں ہونے والی گفتگو میں پاک بحرین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ان شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ کثیرالجہتی بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ دلچسپی کے معاملات میں روابط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں آنے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان کو آگے بڑھانے اور باہمی مفادات سے متعلق شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال کے ساتھ عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جو دونوں ممالک کے لیے مشترکہ اہمیت رکھتی ہیں۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے زیادہ قابل عمل راستے ہیں۔

Load Next Story