امریکا کے شاپنگ مال پر حملے کی منصوبہ بندی پکڑی گئی؛ 18 سالہ نوجوان گرفتار
مال آف امریکا میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی، 18 سالہ نوجوان گرفتار (فوٹو: امریکی میڈیا)
امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے مینیسوٹا کے 18 سالہ نوجوان شیخ دون عبداللہی محمود کو مال آف امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق نوجوان شیخ محمد دون نے اپنی اس منصوبہ بندی سے متعلق ایک شخص کو بتایا جو دراصل ایف بی آئی کا مخبر تھا اور وہ نوجوان سے اسلحہ بیچنے والے کے بھیس میں ملا تھا۔
نوجوان نے ’انڈر کور ایجنٹ‘ کو بتایا کہ مال آف امریکا میں 30 سے 60 افراد کو قتل کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ مال کے مالکان یہودی ہیں۔ میں وہاں آنے والے غیر مسلموں کو نشانہ بناؤں گا۔
حملے کے منصوبہ ساز کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے ایف بی آئی کے خفیہ اہلکار سے ایک اے کے 47 رائفل، چار میگزین اور تقریباً 200 گولیاں خریدیں۔ یہ سامان مبینہ طور پر 600 ڈالر میں فراہم کیا گیا تھا۔
ایف بی آئی اے کے بقول نوجوان نے پہلے بیرون ملک جاکر الشباب میں شامل ہوکر لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور ناکامی کی صورت میں امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے کی بات کی۔
بعد ازاں اس نے داعش میں بھی شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ محمود نے مبینہ طور پر حملے کے لیے 24 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی جب مال آف امریکا میں ’’ہمونگ آرٹس سیلیبریشن‘‘ کے نام سے تقریب منعقد ہونا تھی۔
ایف بی آئی کے مطابق ملزم نے نیو اورلینز میں یکم جنوری 2025 کو ہجوم پر ٹرک چڑھانے والے حملہ آور کی حمایت کا بھی اظہار کیا تھا۔ اس واقعے میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
محمود پر دہشت گردی کی کارروائی کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسے آج امریکی مجسٹریٹ جج کے سامنے پیش کیا گیا۔