صوبائی حکومت کی دہشتگردوں کی حمایت کی قیمت پولیس، مسلح افواج اور شہری ادا کر رہےہیں، گورنر کے پی

پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کرک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت دو اہلکاروں کے شہید ہونے کے واقعے کی مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کی حمایت کی قیمت پولیس، مسلح افواج اور شہری اپنی جانوں کی قربانی دے کر ادا کر رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کرک میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کی حمایت اور سمجھوتوں کی قیمت پولیس، مسلح افواج اور شہری اپنی جانوں کی قربانی دے کر ادا کر رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو ذمہ داری کا احساس دلانے کے لیے مزید کتنی جانوں کا ضیاع درکار ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے گورنر نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے نیوکرپہ میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں  ایس ایچ او داؤد خان اور پولیس اہلکار فرہاد شہید ہوگئے۔

 پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

Load Next Story