مانسہرہ میں دلخراش واقعہ: جرگے کے حکم پر نوجوان جوڑے کو ویرانے میں لے جا کر قتل کردیا گیا

ڈی پی او نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے جرگے میں کیے گئے فیصلے کا انکشاف کیا

مانسہرہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بٹگرام کی 18 سالہ لڑکی اور 27 سالہ گلنواز کو مانسہرہ میں مقامی جرگے کے فیصلے پر ان کے بھائیوں نے قتل کردیا۔ جرگے نے فیصلہ کیا تھا کہ لڑکے کو اس کا بھائی اور لڑکی کو اس کا بھائی قتل کرے۔

رپورٹ کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ اظہر خان کے مطابق دونوں کو ویرانے میں لے جا کر قتل کیا گیا اور پولیس کو واقعے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ پولیس کو اپنے ذرائع سے معلومات ملنے پر دونوں کی لاشیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کی گئی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے جرگے میں کیے گئے فیصلے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے لڑکی اور لڑکے کے بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ جرگے میں شریک افراد کے گھروں پر چھاپے شروع کردیے گئے ہیں اور جلد گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

ڈی پی او اظہر خان نے کہا کہ جرگے میں شریک تمام افراد بھی جرم میں شریک ہیں اور ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انسانی جان سب سے قیمتی ہے اور اس کیس میں جو بھی ملوث ہوگا، اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
 

Load Next Story