حوثی باغیوں کے حملوں کا خدشہ، پی آئی اے نے ریاض کے لیے پروازیں معطل کردیں
فوٹو: فائل
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) ںے مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے سبب ریاض کے لیے پروازیں معطل کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے پی آئی اے کی اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز PK-753 اور ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز PK-754 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے جمعہ کو بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پی آئی اے نے ریاض کے لیے اپنی پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے سے قبل پی آئی اے کے کال سینٹر 786-786-111 پر رابطہ کر کے اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کر لیں، ایئرلائن اس صورتحال سے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں۔
صرف ریاض آپریشن معطل ہوا بقیہ شہروں کی پروازیں جاری ہیں، سول ایوی ایشن
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریاض کے لیے پروازیں روکے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب جانے والی پروازوں کا فلائٹ آپریشن بدستور جاری پی آئی اے نے صرف ریاض کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کیا ہے، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں میں حقیقت نہیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کا یہ اعلان حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی ہوائی اڈوں اور دیگر انفرااسٹرکچر پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے سلسلہ وار واقعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق 6 اور 7 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں ایک پاکستانی شہری سمیت تین افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے تھے۔