کراچی:مضر صحت کیمیکل سے دودھ بنا کر سپلائی کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار

 پولیس نے 6 ڈرموں کو قبضے میں لے لیا جن میں 300 لیٹر سے زائد مضر صحت جعلی دودھ بھرا ہوا تھا

کراچی:

پاکستان بازار پولیس نے مضر صحت کیمیکل سے دودھ بنا کر سپلائی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او پاکستان بازار معراج انور نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ظفر اور بابل کے نام سے کی گئی جنہیں پولیس نے اورنگی نیشنل بس اسٹاپ کے قریب سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ 2 موٹر سائیکلوں پر زہریلے کیمیکل سے بنایا گیا جعلی دودھ پلاسٹک کے ڈرموں میں بھر کر سپلائی کے لیے جا رہے تھے۔

 پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکلوں پر موجود 6 ڈرموں کو قبضے میں لے لیا جن میں 300 لیٹر سے زائد مضر صحت جعلی دودھ بھرا ہوا تھا ، انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفیتش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ چند سالوں سے اس مضر صحت دودھ کی تیاری اور فروخت کا کام کر رہے تھے جبکہ وہ مضر صحت دودھ ناردرن بائی پاس اور اورنگی ٹاؤن ایک نمبر میں چائے کے ہوٹلوں پر سپلائی کرتے تھے تاہم برآمد کیے جانے والا مضر صحت دودھ کیمیکل معائنے کے لیے بھیجا جائے گا۔

پولیس گرفتار ملزمان سے دودھ کی تیاری کے مقام اور خریداروں کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے ، پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

Load Next Story