خیبر پختونخوا کی صورتحال ؛ گورنر اور وفاقی وزیر کی اہم ملاقات
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، لانگ مارچ اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال اور صوبے میں قیام امن سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر امیر مقام نے خیبرپختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے مؤقف میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی اور اس کی سرپرستی کرنے والے انتشاری سیاسی ٹولے سے نالاں ہو چکے ہیں۔
ملاقات کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں قیام امن اور عوامی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
دونوں رہنماؤں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے عوامی ترقی اور امن کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔