لاہور؛ غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپا؛ غیر ملکیوں سے فراڈ کرنے والے 37 افراد گرفتار
فوٹو: فائل
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 37 افراد کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے لاہور سرکل نے جوہر ٹاؤن میں قائم کال سینٹر پر چھاپا مارا، جہاں سے غیر ملکی شہریوں کو دھوکا دے کر ان کے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے غیر قانونی مالی ٹرانزیکشنز کرنے کا انکشاف ہوا۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو غیر ملکی موبائل کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے بیرون ملک مقیم شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔
ملزمان فراڈ کے ذریعے غیر ملکی شہریوں سے ان کے کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کرتے اور بعد ازاں ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ٹرانزیکشنز کرتے تھے۔ یہ سرگرمیاں جوہر ٹاؤن کے غیر قانونی کال سینٹر سے جاری تھیں۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران کال سینٹر سے 5 کمپیوٹرز، 40 لیپ ٹاپس اور 35 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ کارروائی میں قبضے میں لیے گئے ڈیجیٹل آلات کی جانچ کے دوران فراڈ سے متعلق سافٹ ویئر اور ڈیٹا بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق یہ آلات غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق جوہر ٹاؤن میں کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے تمام 37 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔