بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 10 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ضلع بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں مصدقہ خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی نے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران محکمے کے 2 اہلکار زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر پرعزم ہیں۔
حکام کے مطابق ان اداروں کا مقصد صوبے سے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ ہے، جس کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیوں کے عزم پر قائم ہیں۔