خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد بڑا کریک ڈاؤن؛ پی ٹی آئی کے 169 کارکن گرفتار

مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے جاری، ضلع بھر میں بھاری نفری تعینات

فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ضلع صوابی میں پولیس نے کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اب تک 169 کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گرفتاریاں شیوہ اڈہ، یارحسین، رزڑ، صوابی خاص، ٹوپی، لاہور، گدون اور ضلع کے دیگر علاقوں میں کی گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد میں پی ٹی آئی کے کئی مقامی عہدیداران اور متحرک کارکن بھی شامل ہیں، جنہیں مختلف مقامات سے کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق  گرفتار افراد کو لانگ مارچ کی تیاریوں اور امن و امان میں خلل پڑنے کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

Load Next Story