ایپکس کمیٹی اجلاس؛ پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، بکتر بند گاڑیاں، مطلوبہ نفری فراہم کرنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، بکتر بند گاڑیاں، مؤثر اسلحہ اور مطلوبہ نفری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ تعلیم، صحت اور شہریوں کے معیار زندگی سے متعلق امور کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان شعبوں میں بہتری عوامی سکیورٹی اور پائیدار امن کے لیے بھی ضروری ہے۔
فورم نے صوبے کے پسماندہ اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس سلسلے میں عوامی تجاویز، ضروریات اور مقامی ترجیحات کو پالیسی سازی اور عملی اقدامات کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ فورم نے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔