کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی درخواست مسترد، جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری کی تصدیق کر دی

جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان کو کیپٹن صفدر کی درخواست ملی

جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری کے اصلی ہونے کی تصدیق کر دی۔

جوڈیشل کمیشن اجلاس کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے  کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان  کی جانب سے  احسن بھون کے خلاف ایک شکایت پیش کی، شکایت "جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن  احسن بھون کی تعلیمی قابلیت، انرولمنٹ اور پروفیشنل کریڈینشلز کی فوری تصدیق اور انکوائری" سے متعلق تھی۔

اس میں کہا گیا کہ سیکریٹری نے کمیشن کو مطلع کیا کہ مذکورہ شکایت تبصرے کے لیے سیکرٹری پاکستان بار کونسل کو بھجوائی گئی تھی،  سیکرٹری پاکستان بار کونسل کا جواب آیا کہ پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے لیے بطور کامیاب امیدوار احسن بھون، ایڈوکیٹ کی ڈگری کی تصدیق ریٹرننگ افسر (اٹارنی جنرل آف پاکستان) کی جانب سے دو بار کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق  پاکستان بار کونسل کے جواب میں کہا گیا پہلی بار سال 2021 میں اور دوسری بار سال 2026 میں، اور دونوں مواقع پر جامعہ پنجاب (پنجاب یونیورسٹی) نے ڈگری کے اصلی ہونے کی تصدیق کی۔

Load Next Story