ایم کیو ایم کی کے پی میں ایمرجنسی کی حمایت، کراچی کی صورتحال پر وزیراعظم سے فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ

ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم اور حکومتی وفد سے ملاقات کی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کوموصول اسلام آباد میں وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی حکومتی وفد شریک تھا جس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، طارق فضل چوہدری ،اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر شریک تھے جبکہ ایم کیوایم کے وفد کی سربراہی چئیرمین خالد مقبول صدیقی کررہے تھے ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق،  خواجہ اظہار،اقبال محسود، عامرمعین پیرزادہ سمیت دیگراراکین شامل تھے۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے اہم نکات ایکسپریس نیوز کوموصول ہوئے جن کے مطابق ایم کیوایم نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختنواخواہ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی حمایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان اہم ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت دیگر اہم قومی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال اوراس حوالے سے مستقبل میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایم کیوایم پاکستان کے وفد کو صوبے کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی امور اور حکومت کو درپیش اہم معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والی صورتحال کے ممکنہ سیاسی اثرات اور آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی وفد کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لینے حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت کے عمل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ملاقات میں اس بات پر بھی گفتگو کی گئی کہ موجودہ سیاسی حالات میں قومی معاملات پر مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے وفاقی حکومت کے تمام اقدامات کی حمایت کی اور وزیراعظم سے کہا کہ سندھ کی بدترین طرز حکومت کو بھی دیکھا جائے جبکہ امن و امان کی صورت حال پر فوری اجلاس طلب کیا جائے جس میں وزیر اعلی سندھ کے ساتھ ایم کیوایم کے دونوں وفاقی وزیر بھی شامل ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم رہنماوں نے سندھ کے شہری علاقوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے وفاق کو اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے کسی حصے میں بھی واقعہ ہوجائے احتجاج کراچی میں شروع کردیا جاتا ہے اس حوالے سے کوئی حکمت عملی بنائی جا ئے۔

ذرائع کا کہنا ہے حکومتی وفد نے ایم کیوایم کو تمام امور سرانجام دینے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ایم کیوایم کے مطالبے پرکہ وزیر اعظم سے پارلیمیٹیرین سے ملاقات  کا شیڈول ہونا چائیے تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جا ری رہے اس پر بھی حکومتی وفد نے مثبت ردعمل دیا ہیں۔

Load Next Story