وزیراعلیٰ سندھ کا دورہ چین؛ مصنوعی ذہانت، تحقیق اور اساتذہ کی تربیت میں تعاون بڑھانے کی تجویز
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دورہ چین کے دوران مصنوعی ذہانت، تحقیق اور اساتذہ کی تربیت میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی پہنچے جہاں ڈپٹی پریزیڈنٹ مسٹر لی اور فیکلٹی اراکین نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
وفد میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، جام خان شورو اور معاون خصوصی قاسم نوید، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری سرمایہ کاری راجہ خرم شہزاد اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈیجیٹل تدریسی و تعلیمی کلاسوں کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈیجیٹل لرننگ پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر پینگ شوانگ جی اور پارٹی کمیٹی سیکریٹری مسٹر شیا لی شِن سے ملاقات ہوئی جبکہ یونیورسٹی قیادت سے تعلیمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔
سید مراد علی شاہ نے سندھ اور چینی یونیورسٹی کے درمیان طلبہ کے تبادلے، اساتذہ کی تربیت اور مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کی تجویز دی جبکہ سندھ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور اسمارٹ سٹیز میں تعاون کی بھی تجویز دی۔
سندھ کے تعلیمی اداروں اور چینی یونیورسٹی کے درمیان چینی زبان کی تعلیم کے روابط مضبوط بنانے پر زور بھی دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم قوموں کے درمیان ایک اہم پل ہے، پاکستانی اور چینی جامعات کے روابط نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے، سی سی این یو کا تجربہ سندھ کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 60 سے زائد جامعات اور تکنیکی ادارے موجود ہیں، سندھ کے تعلیمی اداروں سے ہر سال دو لاکھ سے زائد طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ سندھ حکومت تعلیم میں ڈیجیٹل خواندگی، فنی تربیت اور بین الاقوامی تعاون پر توجہ دے رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی ہمارے دور کے اہم چیلنجز ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سی سی این یو کے اساتذہ اور طلبہ کو سندھ کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ و طالبات سے ملاقات کرکے بھرپور محنت کی ترغیب دی۔