خیبر باڑہ بازار آج بند رکھنے کا فیصلہ، پولیس کی بھاری نفری تعینات

گزشتہ روز پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، مشتعل مظاہرین نے نادرا آفس کو آگ لگادی، ڈی پی او

خیبر:

باڑہ بازار آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈی پی او وقار احمد کے مطابق تمام دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔

ڈی پی او کے مطابق باڑہ بازار کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، مشتعل مظاہرین نے نادرا آفس کو آگ لگادی جبکہ ریسکیو آفس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

ڈی پی او وقار احمد کے مطابق واقعات میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 62 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق باڑہ اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، پشاور پولیس نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، خیبر پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائے گی، شاہراہیں بند کرنے اور عوامی زندگی مفلوج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، امن و امان خراب کرنے اور پرتشدد احتجاج میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Load Next Story