خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا کے خلاف مقدمات کا آغاز

حکام کی جانب سے سرکاری گاڑیوں اور دیگر سامان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں

پشاور:

خیبرپختونخوا میں سرکاری گاڑیاں اور سامان واپس نہ کرنے والے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزرا کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

سابق صوبائی وزیر فخر جہاں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ سابق صوبائی وزیر ریاض خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حکام نے شفیع جان کے پاس موجود سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں، جبکہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزرا کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے محکمہ ایڈمنسٹریشن سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

مقدمات بونیر اور باجوڑ میں درج کیے گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے سرکاری گاڑیوں اور دیگر سامان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب، پشاور ہائیکورٹ کے سامنے سے غیر فعال وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل بشیر وزیر کے مبینہ اغوا کے معاملے پر انصاف لائرز فورم کے وکلاء چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ بشیر وزیر ایڈووکیٹ کو ہائیکورٹ کے سامنے سے اٹھایا گیا۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ باضابطہ درخواست فائل کر کے واپس میرے پاس آجائیں، درخواست میں عینی شاہدین کا ذکر بھی کریں۔ وکیل نے کہا کہ ہم درخواست جمع کرتے ہیں۔

Load Next Story