مالیاتی فراڈ روکنے کے لیے کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ قائم
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالیاتی فراڈ کی اسکیموں کی روک تھام اور عوام کی جمع پونجی کے تحفظ کے لیے کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ قائم کردیا۔
ایس ای سی پی کے مطابق نیا یونٹ پونزی اور پرامڈ اسکیموں، بغیر لائسنس ڈپازٹ لینے اور قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں سمیت مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ یونٹ کا مقصد عوام کی جمع پونجی کو خطرے میں ڈالنے والی اسکیموں کی بروقت نشاندہی کرنا اور سرمایہ کاروں کو مالی نقصان سے بچانے میں مدد دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل اشتہارات اور خبروں میں مشکوک سرگرمیوں کا سراغ لگائے گا۔ اوپن سورس معلومات کو ریگولیٹری شواہد میں تبدیل کرکے خطرات کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی، تاکہ غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کی بروقت شناخت ممکن ہوسکے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ فراڈ کی بروقت نشاندہی سے سرمایہ کاروں کو نقصان سے بچانے میں مدد ملے گی۔ کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ براہ راست چیئرمین ایس ای سی پی کی نگرانی میں کام کرے گا۔