حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جے یو آئی کل ملتان میں کانفرنس کرے گی

کانفرنس عوامی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی کیخلاف  عوامی رابطہ مہم کا تسلسل ہے، ترجمان اسلم غوری

ترجمان جے یو آئی  اسلم غوری نے کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جے یوآئی کل ملتان میں  کانفرنس کرے گی، کانفرنس میں مفکر اسلام مفتی محمود کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

اسلم غوری نے کہا کہ مفتی محمود کی اصولوں پر مبنی سیاست، علمی رسوخ اور پروقار زندگی سے نئی نسل کو روشناس کرنے کی ضرورت ہے، کانفرنس میں شرکت کے لئے مولانا فضل الرحمان ، مولانا عبدالغفور حیدری ، محمد اسلم غوری اور دیگر آج ملتان پہنچ رہے ہیں

ترجمان جے یو آئی کے مطابق کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہیں، عوام کی بھرپور شرکت قائد جمیعت کے بیانیے کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہوگی، کانفرنس کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، کانفرنس عوامی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی کیخلاف  عوامی رابطہ مہم کا تسلسل ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ  مفتی محمود کانفرنس وطن عزیز میں آئین کے تحفظ ، اسلامی دفعات ،مدارس کے ساتھ ناروا سلوک ، اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی، مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی، مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں قانون کی حکمرانی اور صاف و شفاف انتخابات ، عوامی مسائل کے لیے میدان عمل میں ہے، عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے جے یو آئی کے شانہ بشانہ میدان میں نکلنا ہوگا۔

Load Next Story