پاکستان اور عمان کا تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسحاق ڈار اور عمان کے وزیرخارجہ نے اسلام آباد میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی

فوٹو: پی آئی ڈی

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال عمان میں ہوگا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں عمان کے وزیر خارجہ سید بدربن حمود البوسیدی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس کامیابی سے اختتام پذیر ہوا، جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تجارت، زراعت، تیل و گیس، محنت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے، سفارتی، خصوصی سروس اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ سمیت اطلاعات، مواصلات، آئی ٹی، آرکائیوز اور میڈیا تعاون کے شعبوں میں بھی معاہدے کیے جائیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری طبقوں کے درمیان روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک فورم جلد پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستانی ہنرمند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں محفوظ اور آزادانہ جہاز رانی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ ان واقعات میں ایک پاکستانی شہید اور پانچ زخمی ہوئے، انہوں نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یک جہتی کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت، غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور مسئلہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی پاکستان کی آبی، غذائی اور توانائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

عمانی وزیر خارجہ نے پاکستان اور عمان کے تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی سراہا۔

Load Next Story